اٹک: (دنیا نیوز) نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کرکے 5 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
افسوسناک واقعہ اٹک کے علاقے ہٹیاں کے قریب جی ٹی روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد نے کار پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے نتیجے میں کار سوار 5 افراد جاں بحق جبکہ 1 شدید زخمی ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا نوٹس
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اٹک میں فائرنگ سے 05 افراد کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی، ڈی پی او اٹک کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے، مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔