مردان: (دنیا نیوز) مردان کے شہری علاقہ پارہوتی میں جائیداد کے تنازع پر گھر کے اندر فائرنگ سے میاں بیوی اور بیٹے سمیت 4 افراد قتل کر دیئے گئے، مبینہ ملزم نے واردا ت کے بعد خود کشی کر لی۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ محلہ صوبیدار ان کچہ سڑک میں پیش آیا جہاں مبینہ ملزم رئیس نے اپنے ماموں وقار کے گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کر دی جس سے وقار اس کی والدہ، بیوی اور 5 سالہ بیٹا اذان موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق مبینہ ملزم نے گھر سے نکل کر گلی ہی میں خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا، واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور واقعے کے شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دیئے۔
ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ ملزم اور مقتول خاندان کے درمیان جائیداد کا تنازع تھا، وقوعہ کے وقت ملزم ماموں کے پاس آیا تھا اور باتوں باتوں میں طیش میں آکر فائرنگ کر دی۔
ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے جاں بحق افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا۔