کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں بجلی کے تنازع پر فائرنگ سے جماعت اسلامی کے علاقائی کونسلر جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر فور سی میں بجلی کا کنڈا لگانے پر دو گروپوں میں جھگڑا چل رہا تھا کہ یو سی کونسلر محمد حبیب درمیان میں صلح کرانے آئے تو ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
دو شدید زخمی افراد کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی۔