آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے منشیات سمگلنگ، 11 ملزم گرفتار

Published On 16 October,2023 11:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آن لائن شاپنگ کے پلیٹ فارمز کے ذریعے منشیات سمگلنگ کا نیٹ ورک پکڑا گیا، 11 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق گزشتہ چند ماہ سے آن لائن شاپنگ کے پلیٹ فارمز کے ذریعے منشیات کی سمگلنگ کی معلومات موصول ہو رہی تھیں، انٹرنیٹ کے ذریعے کاروبار کے پیچیدہ عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک پیشہ ور گروہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ۔

مذکورہ گروہ آن لائن انٹرنیٹ شاپنگ پلیٹ فارم پر کمپنیاں رجسٹرڈ کر کے ملک بھر میں منشیات کی سمگلنگ کررہا تھا ، اے این ایف نے اطلاع ملنے پر سپیشل ٹیمیں تشکیل دیں۔

اے این ایف کی سپیشل ٹیموں نے پاکستان کے مختلف شہروں میں بیک وقت کارروائی کی، جسکے نتیجے میں اب تک 11 ملزم گرفتار کیے جا چکے ہیں ،تحقیقات کے نتیجے میں مزید افراد کی شناخت ہوئی ہے جو اس سے منسلک ہیں۔

ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ اب تک 33 پارسل قبضے میں لے کر 53.7 کلو چرس ،1.6 کلو آئس اور 1.2 کلو افیون برآمد کی گئی ہے، بڑے ای کامرس پلیٹ فارم کے ملازمین کا اس گھناونے فعل میں ملوث ہونا بھی خارج از امکان نہیں ہے۔