کراچی: مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو ہلاک، ساتھی گرفتار، فائرنگ سے راہگیر بھی زخمی

Published On 27 October,2023 06:42 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، فائرنگ سے ایک راہگیر بھی زخمی ہو گیا۔

کراچی کے علاقے تھانہ عید گاہ کی حدود میں 2 مبینہ ڈاکو لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ اطلاع پر پولیس نے ان کا تعاقب کیا، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈاکو گولیاں لگنے سے موقع پر دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق مرنے والے ڈاکو کی شناخت سلمان کے نام سے ہوئی ہے، گولیاں لگنے سے ساتھی زخمی ہوا جسے حراست میں لے لیا گیا، راہگیر بھی فائرنگ کی زد میں آیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے ڈاکوؤں سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔