کراچی: (دنیا نیوز) فائرنگ کے مختلف واقعات میں نجی کمپنی کے گارڈ اور نعت خواں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، پولیس نے 3 مبینہ ڈاکوؤں سمیت 5 جرائم پیشہ ملزموں کو بھی حراست میں لے لیا۔
نیو کراچی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے نجی کمپنی کی وین کو روکنے کی کوشش کی جس پر سکیورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی، جواب میں ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں سکیورٹی گارڈ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔
مقتول کی شناخت عمر زمان کے نام سے ہوئی، مقتول نجی کمپنی کی ڈیلیوری وین کے ساتھ تعینات تھا، سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی بھی ہوا جس کو اس کے ساتھی لیکر فرار ہو گئے، پولیس نے تلاش شروع کر دی۔
اورنگی ٹاؤن میں بھی 2 موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے نعت خواں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، مقتول کی شناخت رحیم اللہ کے نام سے ہوئی، مقتول کے چہرے پر دو گولیاں ماری گئی ہیں، واقعے کی جگہ سے نائن ایم ایم گولی کا ایک خول ملا ہے۔
ادھر کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جس کی شناخت اسماعیل خان کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار ملزم سے اسلحہ برآمد کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
سٹیل ٹاؤن بھی فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے دو ملزمان کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا، دونوں کی شناخت محمد سلیم اور کاشف کے نام سے ہوئی، ملزمان سے موبائل فون، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی۔
تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن کی حدود سے دو بچوں کو اغواء کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، چند روز قبل ہاشم اور شفیق نے دو بچوں جاوید اور شیراز کو اغوا کیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، پولیس نے مغوی بچوں کو بھی بازیاب کرا لیا، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔