جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر غیر ملکی کرنسی اور سامان کی سمگلنگ ناکام بنا دی گئی

Published On 13 November,2023 09:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لاکھوں نقدی اور سامان کی سمگلنگ ناکام بنا دی گئی۔

انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج پرتعینات کسٹمز نے کارروائی کی ، فلائی دبئی کی پرواز نمبر 332 سے دبئی جانے والے مسافر سے 36 ہزار سعودی ریال برآمد ہوئے، ترجمان کسٹمز کے مطابق برآمد رقم 27 لاکھ پاکستانی روپے کے مساوی ہے۔

ترجمان کسٹمز نے بتایا کہ مسافر نے ریال پہنے ہوئے کپڑوں میں چھپائے ہوئے تھے، مسافر کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، بیرون ملک جانے والے مسافروں کیلئے 5 ہزار ڈالر یا اس کے مساوی فی مسافر رقم کی حد مقرر ہے۔

دوسری کارروائی میں جناح ایئرپورٹ کلکٹریٹ نے 55 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اشیا کی سمگلنگ ناکام بنا دی، کسٹمز عملے نے بحرین سے آنے والے مسافر کو شک کی بنیاد پر روکا، سکیننگ کے دوران موبائل فونز، آئی پیڈ، ایپل واچز، لیپ ٹاپ، کمپیوٹرز پارٹس، پرفیوم، لیڈیز برانڈڈ شوز اور کافی کی نشاندہی ہوئی۔

سامان کسٹمز عملے نے تحویل میں لے کر مسافر کو حراست میں لے لیا، ضبط شدہ اشیا کی مالیت 55 لاکھ روپے ہے جن پر 31 لاکھ روپے ڈیوٹی ٹیکسز لاگو ہیں، مسافر کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔