لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں چینی باشندے سے موبائل فون چھیننے والے 2 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایس پی سول لائنز عبدالحنان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ چند روز قبل ملزمان نے مال روڈ پر نجی ریسٹورنٹ کے باہر چینی باشندے سے موبائل فون چھینا جس کا تھانہ سول لائن میں فوری مقدمہ درج کیا گیا، ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی سول لائنز کی سپرویژن میں ٹیم تشکیل دے کر ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا۔
عبدالحنان نے مزید بتایا کہ سپیشل ٹیم نے ملزمان کو پنجاب اور خیبرپختونخوا کی باؤنڈری سے گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں ایاز اور حسنین شامل ہیں، ملزمان سے 10 موبائل فونز، 2 پسٹل و نقدی برآمد کر لی، ملزمان نے 30 کے قریب وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے۔