گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں جائیداد کے تنازع پر قتل کی جانے والی خاتون کے بیٹے کو بھی اغوا کر لیا گیا۔
ملزمان نے مقتولہ کے بیٹے سبحان کو بھی اغوا کر کے ایک کروڑ روپے تاوان مانگ لیا ہے، پولیس نے اغوا کار گروہ کے 15 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، چند روز قبل ملزمان نے مغوی سبحان کی والدہ نصرت بی بی کو قتل کر دیا تھا۔
مدعی مقدمہ طحٰہ شیراز نے بتایا کہ مقتولہ متعدد بار پولیس افسران کو جان کے خطرے بارے آگاہ کرتی رہی، پولیس نے میری والدہ کی ایک نہ سنی اور ملزمان نے انہیں قتل کر دیا، والدہ کے قتل کے بعد ملزمان نے بھائی سبحان کو اغوا کر لیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق 15 ملزمان کے خلاف اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تاحال کوئی ملزم گرفتار نہ ہو سکا، ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔