سکھر: (دنیا نیوز) عدالت نے آن لائن جنسی ہراسانی اور بلیک میلنگ میں ملوث مجرم کو 3 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی۔
فہد منگی نامی مجرم کو آن لائن جنسی ہراسانی کا جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی، مجرم کے خلاف سال 2023ء میں سائبر کرائم سکھر میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
سول جج اینڈ جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق احمد میتلو نے ملزم کو مجموعی طور 3 سال قید بامشقت کی سزا سنائی، مجرم کو پیکا ایکٹ 2016ء کی دفعہ 20 کے تحت 1 سال 6 ماہ قید بامشقت جبکہ دفعہ 21 کے تحت 1 سال 6 ماہ قید بامشقت کی سزا سنائی گئی۔
عدالت نے مجرم کی ضمانت موقع پر ہی منسوخ کرتے ہوئے اسے سینٹرل جیل سکھر کے حکام کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کیے، ایف آئی اے کی جانب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر منیر احمد سیال نے مقدمے کی پیروی کی۔