آئی جی پولیس کی ریٹائرڈ ٹیچر کے گھر پر قابض اہلکار کیخلاف کارروائی

Published On 10 January,2024 08:14 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پولیس اہلکار کی جانب سے گلشن حدید میں ریٹائرڈ سکول ٹیچر کے گھر پر قبضے کے انکشاف پر آئی جی پولیس نے پولیس اہلکار کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے گھر خالی کرا دیا۔

ریٹائرڈ سکول ٹیچر جاوید سومرو نے آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ کو درخواست دی جس پر آئی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے، ایسٹ پولیس نے مکان کا غیر قانونی قبضہ خالی کرا کے جاوید سومرو کے حوالے کر دیا۔

پولیس کے مطابق ریٹائرڈ سکول ٹیچر نے فروری 2021ء میں اپنا گھر پولیس اہلکار کو کرائے پر دیا تھا، پولیس اہلکار میاں طارق نے جون 2022ء میں کرایہ دینا بند کر دیا اور مکان پر قبضہ کر لیا۔

ٹیچر سے تمام کاغذات طلب کر کے متعلقہ اداروں سے تصدیق کرائی گئی، تمام کاغذات کی تصدیق کے بعد قبضہ ختم کرا کے گھر ریٹائرڈ ٹیچر کے حوالے کر دیا گیا۔

پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پولیس اہلکار میاں طارق کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جا رہی ہے۔