کراچی: مختلف علاقوں میں مزاحمت پر ڈاکوؤں نے 3 شہریوں کو گولیاں مار دیں

Published On 18 January,2024 04:34 am

کراچی: (دنیا نیوز) روشنیوں کے شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ کر کے 3 شہریوں کو شدید زخمی کر دیا گیا۔

نیو کراچی کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران ایک شخص کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا، ریسکیو ٹیم نے زخمی کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے، زخمی شخص کی شناخت اسلم کے نام سے ہوئی ہے۔

سرجانی ٹاؤن میں بھی ڈکیتی مزاحمت کا واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم ڈاکوؤں نے شہری کو لوٹنے کی کوشش کی تو اس کے روکنے پر ملزموں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا، ادھر اقبال مارکیٹ کی حدود میں بھی ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔