لاہور : (دنیانیوز) پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی جھنگی پر دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر حملہ کرنے کی کوشش کی جسے پنجاب پولیس نے ناکام بنا دیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس حوالے سے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ڈیرہ غازی خان تھانہ وہوا کی چیک پوسٹ جھنگی پر کالعدم تنظیم کے 08 سے 10 دہشت گردوں نے حملہ آور ہونے کی کوشش کی، چوکی پر تعینات بہادر جوانوں نے جدید ترین تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی نشاندہی کی۔
انہوں نے بتایا کہ کہ ایس ایچ او وہوا کی قیادت میں دوسری ٹیم بھی بیک اپ کیلئے فوری موقع پر پہنچیں ، پولیس کے جانبازوں نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپائی اور بھاگنے پر مجبور کر دیا، صوبے کی تمام سرحدی چوکیوں پر پولیس ٹیمیں شب و روز ہائی الرٹ ہوکر فرائض ادا کر رہی ہیں اور جوانوں کا مورال بلند ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے دشمن خطرناک دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پولیس پوری طرح تیار ہے، ملک دشمن عناصر، دہشت گردوں اور سفاک مجرمان کو کسی صورت صوبے میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا، دہشت گردوں کا ہر حملہ ناکام بنایا جائے گا۔