لاہور:(دنیا نیوز) ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق بالاج ٹیپوکے قتل کی رات تعریف بٹ عرف طیفی بٹ کراچی سے بیرون ملک چلا گیا جبکہ قتل کی رات گوگی بٹ لاہور میں ہی موجود تھا، پولیس نے گوگی بٹ کی گرفتاری کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ملزم مظفر 22 سال سے طیفی بٹ کا ذاتی مالشیا نکلا ،ملزم مظفر کی بیوی نے پولیس کو کیس کے حوالے سے کافی معلومات فراہم کیں جس سے قتل کیس کو حل کرنے میں مدد مل رہی ہے۔
پولیس کے مطابق امیر بالاج قتل کیس کی تفتیش مقامی پولیس چوہنگ کے پاس ہے، جبکہ سی آئی اے پولیس تفتیش میں معاونت کر رہی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کا پستول کس کے پاس ہے پولیس کو اس بارے پتا نہیں چل سکا، آلہ قتل موقع پر ہی کسی نے غائب کر دیا۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق امیر بلاج ٹیپو قتل کیس میں شوٹر مظفر حسین کی چوتھی بیوی کو پولیس نے شامل تفتیش کر لیا ہے، شوٹر مظفر حسین نے 2021 میں چوتھی شادی کی تھی، ،مظفر حسین 3 بیویوں کو طلاق دے چکا ہے ۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مظفر حسین کی بیوی کے وکیل نے ڈیڈ باڈی لینے کیلئے پولیس سے رابطہ کیا ہے،پولیس نے تفتیش کو حتمی شکل دینے کیلئے طیفی اور گوگی بٹ گروپ کے کچھ افراد کو حراست میں بھی لیا ہے ۔
ادھر امیر بالاج قتل کیس سب انسپکٹر شکیل بٹ کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے، واردات سے قبل بنائی جانے والی ویڈیو میں بالاج ٹیپو کے ساتھ سب انسپکٹر شکیل بٹ موجود تھا، پولیس آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی تحقیقاتی ٹیم نے شکیل بٹ کو حراست میں لیا۔