کراچی: مبینہ پولیس مقابلے، ڈاکو ہلاک، 2 زخمی حالت میں گرفتار، ایک فرار

Published On 06 March,2024 06:36 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک، 2 زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ایک فرار ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں 2 مبینہ ڈاکو لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس نے ان کا تعاقب شروع کر دیا، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزموں نے فائرنگ کر دی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ کے دوران ایک ملزم گولیاں لگنے سے موقع پر دم توڑ گیا جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا، مرنے والے ڈاکو سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کر لی اور لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ادھر نارتھ کراچی سیکٹر فائیو میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزموں کی شناخت سراج اور اکبر کے ناموں سے ہوئی، دونوں سنگین نوعیت کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔