کراچی: باپ نے 3 بچوں کو جلانے کے بعد خود کو بھی آگ لگا لی

Published On 06 March,2024 01:37 am

کراچی: (دنیا نیوز) روشنیوں کے شہر کراچی میں حالات سے تنگ آ کر باپ نے 3 بچوں کو جلانے کے بعد خود کو بھی آگ لگا لی۔

تفصیلات کے مطابق آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ نارتھ کراچی میں پیش آیا جہاں پر حالات کے مارے ایک شخص نے اپنے 3 بچوں کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی اس کے بعد اس نے خود کو بھی جلا ڈالا، آتشزدگی کے نتیجے میں تمام افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے، متاثرین میں عارف، 5 سالہ بیٹی حوریہ، 4 سالہ ایمان فاطمہ اور 3 سالہ غلام حسین شامل ہیں، پولیس نے قانونی کارروائی بھی شروع کر دی۔

خود سوزی کرنے والے شخص کے سوتیلے بیٹے امان نے بتایا کہ جھلسنے والے تینوں بچے عارف کی سگی اولاد ہیں، متاثرہ بچوں کی والدہ کا 8 ماہ قبل انتقال ہو گیا تھا جس کے بعد یہ تمام ہمارے ساتھ ہی رہتے تھے، والد نے انتہائی قدم کیوں اٹھایا؟ اس کا علم نہیں۔