کراچی: (دنیا نیوز) کراچی پولیس نے یونیورسٹی طالبعلم لاریب کے قتل میں ملوث ہونے کے شبے میں 2 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کراچی میں ایک روز قبل ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ہونے والے یونیورسٹی کے طالبعلم لاریب کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس نے 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جن سے ایک موبائل فون ملا جو لاریب کا ہو سکتا ہے، حراست میں لئے جانے والے مشتبہ افراد سے مزید تفتیش جاری ہے۔
قبل ازیں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے طالبعلم لاریب کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا، مقدمہ مقتول کے والد محمد حسین کی مدعیت میں کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ میں قتل اور ڈکیتی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے میں موقف اپنایا گیا کہ لاریب اپنے دوست عابد کیساتھ گھر آ رہا تھا، موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم ملزمان نے لاریب اور اس کے دوست سے لوٹ مار کی، لاریب سے پرس اور موبائل فون اور اس کے دوست سے 2 ہزار روپے چھینے، لاریب نے مزاحمت کی تو ملزمان نے چہرے پر گولی مار دی۔