ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے ٹریڈ بیسڈ حوالہ ہنڈی کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا

Published On 06 March,2024 07:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران ٹریڈ بیسڈ حوالہ ہنڈی کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا۔

اینٹی کرپشن سرکل کی ٹیم نے شرف آباد، صائمہ ٹاور میں واقع نجی شپنگ کمپنی کے آفس میں چھاپہ مارا، جس کے دوران میسرز پاک ایشیاء شپنگ اینڈ لاجسٹک کمپنی کا فریٹ فارورڈنگ کی آڑ میں منظم طریقے سے حوالہ ہنڈی نیٹ ورک چلانے کا انکشاف ہوا۔

میسرز پاک ایشیاء شپنگ اینڈ لاجسٹک کمپنی کراچی میں موجود لوکل امپوٹرز، مشہور ڈیپارٹمنٹل سٹورز کو کروڑوں روپے مالیت کی چینی کرنسی کی غیر قانونی فروخت میں بھی ملوث نکلی، کمپنی کا مالک بیرون ملک سے کراچی میں اپنے ساتھیوں کے ذریعے نیٹ ورک چلا رہا تھا۔

پاک ایشیاء شپنگ اینڈ لاجسٹک کمپنی کے دفتر سے حوالہ ہنڈی اور چینی کرنسی کی مبینہ غیرقانونی فروخت کا ریکارڈ برآمد ہوگیا، آفس میں موجود عملہ برآمد ہونے والی امپورٹ دستاویزات اور مشکوک ادائیگیوں کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔

ایف آئی اے کی جانب سے برآمد ہونے والی امپورٹ دستاویزات اور اس کے عوض ادائیگیوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے، میسرز پاک ایشیاء شپنگ اینڈ لاجسٹک کمپنی کے ملازمین سے پوچھ گچھ بھی کی جا رہی ہے۔

اینٹی کرپشن سرکل کراچی میں انکوائری شروع ہو گئی، رجسٹرڈ امپورٹ دستاویزات اور اس کے عوض ادائیگیوں کی تصدیق کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔