کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں مبینہ ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے ڈاکو مارا گیا جبکہ جیکب آباد میں ڈاکو نے شہری کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے شہری کو روک کر لوٹنے کی کوشش کی تو اس دوران شہری نے اپنے پاس موجود پستول سے فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے ایک ملزم موقع پر دم توڑ گیا، فائرنگ سے شہری بھی زخمی ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ہلاک ہونے والے ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر کے لاش ہسپتال منتقل کر دی، پولیس نے جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے شہر جیکب آباد کے علاقے باہو کھوسو میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر دو شہریوں کو گولیاں مار دی گئیں جس کے نتیجے میں ایک موقع پر دم توڑ گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا ہے، مرنے والے شخص کی شناخت مقتول جاوید بگٹی کے نام سے ہوئی۔