کراچی: (دنیا نیوز) لاپتہ کمسن بہن بھائی کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا، عدالت نے دونوں بچوں اور خالہ فرحین عرف سونیا کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔
حکم نامے کے مطابق فرحین عرف سونیا بچوں کو متعلقہ تھانے کی حدود سے باہر نہیں لے جا سکتی، ایس ایس پی سینٹرل کسی افسر کو فوری تعینات کریں جو فرحین عرف سونیا کے گھر کا پتہ کرے، پولیس افسریقینی بنائیں کہ بچوں کی کسٹڈی متعلقہ تھانے کی حدود سے باہر نہ جائے۔
عدالت نے حکم دیا کہ پولیس افسر ہر ہفتے رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں، بچوں کی تعلیم کا سلسلہ شروع کرایا جائے اور انہیں صرف اسی مقصد کے لیے متعلقہ تھانے کی حدود سے باہر جانے کی اجازت ہے، عدالتی احکامات عمل درآمد کے لیے ایس ایس پی سینٹرل کو ارسال کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاپتہ بچوں کا معاملہ: گورنر سندھ کا ایان اور انابیہ کی مکمل کفالت کرنے کا اعلان
عدالت کے مطابق بچوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ ان کی خالہ اور خالو کا رویہ ظالمانہ تھا، بچوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ اپنی دوسری خالہ فرحین عرف سونیا کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، دونوں بچوں کے والدین کی 2015ء میں علیحدگی ہوگئی تھی۔
بچوں کی والدہ یو اے ای میں رہتی ہیں اور کبھی کبھار بچوں سے ملنے آتی ہیں، علیحدگی کے بعد والد نے بچوں کی کسٹڈی کے حوالے سے کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا،عدالت بچوں کی کسٹڈی ان کے والد کا حق ہے، تاہم والد کی جانب سے ماضی میں ایسی کوئی کوشش نہیں کی گئی ہے۔
عدالت کے مطابق بچوں نے کہا وہ اپنی خالہ فرحین عرف سونیا کے ساتھ جانا چاہتے ہیں، بچوں کی عارضی کسٹڈی خالہ فرحین عرف سونیا کے حوالے کرتی ہے، بچوں کی خالہ دونوں بچوں کی کسٹڈی کے لیے پانچ پانچ لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے جمع کرائے۔