وزیر آباد: (دنیا نیوز) وزیر آباد میں مسلح ڈاکو موبائل کی دکان سے لاکھوں روپے کے موبائل فون اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے جبکہ لاہور میں چند روز قبل دکان پر ڈکیتی کی کوشش ناکام بنانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر آباد کے علاقے تھانہ سٹی کی حدود میں احمد نگر روڈ پر واقع موبائل شاپ پر نامعلوم مسلح ڈاکو داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر دکان میں موجود عملے کو یرغمال بنا کر 28 لاکھ کے قریب نقدی اور 35 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے موبائل لوٹ کر لے گئے۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دودھ کی دکان پر ڈکیتی کی فوٹیج منظر عام پر آگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چار مسلح ڈاکوؤں نے دکان میں داخل ہو کرعملے کو یرغمال بنایا اور رقم لوٹ کر عملے پرتشدد کر رہے تھے کہ اس دوران پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو مارا گیا جس کے بعد 3 ملزموں نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔