کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے راہگیر شخص جاں بحق ہو گیا، پولیس نے ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکو شہری کو لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اس دوران مزاحمت پر فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے راہگیر جاں بحق ہو گیا، مرنے والے شہری کی شناخت نصیب خان کے نام سے ہوئی۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے لواحقین کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ نے کہا ہے کہ مقتول نصیب ڈکیتوں کی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوا، لوٹ مار کے دوران مقتول پر فائرنگ کی گئی، ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے کی سی سی ٹی وی حاصل کی جا رہی ہے، جلد ان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔