2 کروڑ تاوان کیلئے اغوا ہونے والا سعودی پلٹ نوجوان بازیاب، مرکزی ملزمہ ساتھی سمیت گرفتار

Published On 11 May,2024 08:17 pm

اسلام آباد (عادل تنولی) پشاور سے تاوان کیلئے اغوا ہونے والا سعودی پلٹ نوجوان اسلام آباد سے بازیاب کرا لیا گیا، اغوا کار مرکزی ملزمہ شزا کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا جبکہ ایک ملزم مقابلے میں مارا گیا۔

اسلام آباد تھانہ نون کے علاقے میں پولیس مقابلے میں اہم انکشافات ہوئے ہیں، سعودی پلٹ شہری نعمان کو تاوان کی خاطر پشاور سے اغوا کرکے اسلام آباد لایا گیا تھا، اطلاع وفاقی پولیس کو ملی تو ایس ایس پی آپریشنز کی جانب سے شہری نعمان کو اغوا کاروں کی چنگل سے نکالنے کیلئے ایس پی انڈسٹریل ایریا خان زیب کی نگرانی میں ٹیم نے چھاپہ مارا۔

ملزموں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس سے ایک خرم نامی پولیس اہلکار زخمی ہوا جبکہ ساتھی کی فائرنگ سے اغوا کار گروہ کا رکن تصور ہلاک ہو گیا، پولیس نے گینگ میں شامل مرکزی ملزمہ شزا کو ساتھی سمیت تحویل میں لیکر تحقیقات شروع کر دی۔

آپریشن ٹیم کے سربراہ ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر، ایس پی خان زیب نے میڈیا کو بتایا طویل آپریشنز کے ذریعے شہری کو بحفاظت بازیاب کرانا بڑا چیلنج تھا، مرکزی ملزمہ شزا نے نوجوان کو واٹس ایپ پر ٹریپ کرکے ساتھیوں کے ساتھ ملکر کے اغوا کیا تھا۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ملزموں نے اغوا کے بعد ورثا سے دو کروڑ تاوان طلب کیا تھا، تاہم شہری کو بازیاب کرکے ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ ملزموں سے مزید تحقیقات جاری ہیں جن سے دوران تفتیش مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔