شکارپور: (دنیا نیوز) شکار پور میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کے قتل کیخلاف ورثاء نے قومی شاہراہ پر احتجاجاً دھرنا دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق شکارپور کے علاقے سلطان کوٹ تھانے کی حدود میں میاں صاحب لنک روڈ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی گولیاں لگنے سے شہری شدید زخمی ہوا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہری کے قتل کیخلاف ورثاء نے قومی شاہراہ پر لاش رکھ کر دھرنا دیا جس کے باعث سندھ اور بلوچستان جانے والی ٹریفک معطل ہو کر گئی، مظاہرین نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
ورثاء نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے یونس سومرو سے 4 لاکھ کیش، موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین کر تشدد کا نشانہ بنایا، ضلعی بھر میں شہری ڈکیتوں کے ہاتھوں یرغمال ہیں، پولیس واردات کے بعد پہنچتی ہے، اعلیٰ حکام شہر میں جاری بدامنی کا نوٹس لیں۔