لاہور: شادی والا گھر ماتم میں تبدیل، شرابی کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق

Published On 17 May,2024 03:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں گھر میں جاری شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہو گئیں، فائرنگ سے خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں مہندی کی تقریب میں دولہا کے ماموں نے شراب پی کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے کے نتیجے میں خاتون زندگی کی بازی ہار گئی۔

فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم عارف نے مہندی کی تقریب میں خواتین کے احاطے میں آنے سے منع کرنے پر اندھا دھند فائرنگ کی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد لاش کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔