عارف والا: (دنیا نیوز) عارفوالا میں ٹرین کی کار کو ٹکر کے نتیجے میں زخمی ہونے والا 7 سالہ بچہ دم توڑ گیا، بصیر پور میں بچے پر تشدد کرنے والا ملزم گرفتار جبکہ خانیوال میں انجکشن سے بچوں کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل عارف والا کے علاقے نواحی گاؤں میں جلد بازی میں پھاٹک سے گزرتے ہوئے کار سوار فیملی وہاں سے گزرنے والی بابا فرید ایکسپریس کی زد میں آ گئی، کار میں موجود 5 افراد میں سے ایک جاں بحق جبکہ بچے سمیت 4 شدید زخمی ہو گئے تھے۔
زخمی ہونے والا 7 سالہ بچہ چند روز تک ہسپتال میں دوران علاج رہے کے بعد دم توڑ گیا، بچے کے جاں بحق ہونے کے بعد حادثے میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2 ہوگئی جبکہ 3 خواتین تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن کی حالت بھی نازک بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب بصیرپور میں استاد کی جانب سے نابالغ شاگرد پر تشدد کرنے کا واقعہ سامنے آیا جس پر پولیس نے کارروائی کر کے تشدد کرنے والے ملزم کو حراست میں لے لیا اور تھانہ منڈی احمد آباد میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی۔
ادھر خانیوال میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں اینٹی بائیوٹک انجکشن سے 3 بچوں کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عمر غوری کی مدعیت میں تھانہ سٹی میں درج مقدمے میں وارڈ نرس اقصیٰ آفاق کو نامزد کیا گیا ہے۔