سانگلہ ہل: (دنیا نیوز) سانگلہ ہل میں 2 مسلح ڈاکو تاجر کے گھر گھس کر لاکھوں روپے کی نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار جبکہ بصیرپور میں ڈکیت گینگ کے 2 ارکان گرفتار کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سانگلہ ہل میں 2 مسلح ڈاکو تاجر کے گھر میں داخل ہوئے اور اہلخانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار شروع کر دی، ڈاکوؤں نے گھر کی تلاشی کے دوران ساڑھے تین لاکھ روپے نقدی اور قیمتی سامان لیا اور فرار ہو گئے۔
واردات کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد متاثرہ شخص کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا، پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے بصیرپور کے علاقے تھانہ چورستہ کی حدود میں کارروائی کر کے نعیمی گینگ کے 2 ارکان کو حراست میں لے لیا، ملزم گھروں میں داخل ہو کر چوریاں کرتے تھے، ملزموں کے قبضے سے موٹر ٹربائن، ٹرانسفارمر اور دیگر قیمتی سامان برآمد کر لیا جس کی مالیت 19 لاکھ 32 ہزار روپے بنتی ہے۔