کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں ڈاکوؤں نے مزاحمت کے دوران 2 نوجوانوں کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں ایک جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا، لاڑکانہ اور اوباڑو میں پولیس نے کارروائیاں کر کے 3 ملزموں کو گرفتار جبکہ شکارپور سے مغوی کو بازیاب کروا لیا۔
تفصیلات کے مطابق نیوکراچی کے علاقے انڈسٹریل ایریا میں نوجوان اپنے گھر کے باہر دوست کے ساتھ بیٹھا تھا کہ اس دوران موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے موبائل فون چھننے کی کوشش کی تو قریب موجود لوگوں نے شور مچا دیا۔
ڈاکوؤں نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 25 سالہ نوجوان موقع پر دم توڑ گیا، مقتول کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی جو گارمنٹس فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا، واقعے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی۔
کراچی کے علاقے کورنگی ویٹا چورنگی کے قریب بھی نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک شہری کو شدید زخمی کر دیا، متاثرہ شخص کی شناخت عدیل تنولی کے نام سے ہوئی جسے طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا۔
کراچی کے علاقے تھانہ پاکستان بازار کی حدود میں پولیس نے کارروائی کر کے سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزم کو حراست میں لے لیا، گرفتار شخص سے اسلحہ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی، ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی۔
ادھر لاڑکانہ کے نواحی گاؤں میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر پولیس افسر اور اہلکار کے قتل میں ملوث خطرناک ملزم کو گرفتار کر لیا، حراست میں لیے جانے والے شخص سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، ملزم نے 2021ء میں اے ایس آئی مظفر کھوسو اور اہلکار نواب جتوئی کو قتل کیا تھا۔
دوسری جانب اوباڑو میں کچے کے علاقے میں پولیس اور رینجرز کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کیخلاف مشترکہ آپریشن جاری ہے، اس دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا، پولیس نے تمام افراد کو مزید تفتیش کیلئے تھانے منتقل کر دیا ہے۔
شکارپور میں پولیس نے کچے میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کر کے ايک مغوی کو بازیاب کروا لیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد اغواء کار مغوی کو چھوڑ کر فرار ہو گئے، ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئےعلاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔