کراچی:(دنیا نیوز) کراچی کے علاقے قائد آباد میں دو دوستوں کے درمیان جھگڑے کے باعث فائرنگ کے نتیجے میں جیل پولیس ہیڈ کانسٹیبل جاں بحق جبکہ گولیوں کی زدمیں آکر بچے سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔
ایس ایچ او قائد آباد غلام حسین پیرزادہ نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ گرین سٹی پل داؤد چورنگی ریلوے ٹریک کے قریب موچی کی دکان پر پیش آیا ہے، ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا کہ مقتول 40 سالہ اکرم جیل پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل ہے جو اپنے دوست ظفر کے ہمراہ موچی کی دکان پر بیٹھا تھا، اسی دوران کسی بات پر انکا جھگڑا ہوا تو ظفر نے فائرنگ کر کے اپنے دوست اکرم کو قتل کر دیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ فائرنگ کی زد میں آکر دو راہگیر 40 سالہ صادق اور دو سالہ شاہ زیب زخمی ہو گئے، تاہم فائرنگ کرنے والا ملزم ظفر بھی پولیس کا ریٹائرڈ اے ایس آئی ہے، جائے وقوع سے 30 بور پستول کے خول ملے ہیں، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ملیر کاشف عباسی بھی موقعے پر پہنچ گئے اور جائے وقوع پر موجود ماتحت افسران سے معلومات حاصل کیں۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار کا قتل ٹارگٹ کلنگ نہیں بلکہ واقعہ دوستوں میں جھگڑے کے دوران پیش آیا، جس کی مزید تحقیقات جاری ہیں، مقتول کے ورثا نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور فوری ملزم کو قانون کی گرفت میں لیا جائے۔