کراچی: باپ اور بیٹی کی ہلاکت کا معاملہ، حادثے کی نئی ویڈیو میں اہم انکشاف

Published On 23 August,2024 10:25 am

کراچی:(دنیانیوز) کراچی کے علاقے کارساز پر تین روز پہلے گاڑی کی ٹکر سے باپ اور بیٹی کی ہلاکت کے واقعے کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی۔

ویڈیو میں نیا انکشاف سامنے آیا ہے جہاں حادثے سے قبل خاتون نتاشا نے اسی روڈ پر پہلے ایک سفید رنگ کی گاڑی کو بھی ٹکر ماری تھی ۔

ملزمہ کی گاڑی نے کرولا گاڑی کے عقبی دروازے کو ٹکر ماری ، خاتون نے کرولا گاڑی کے پیچھے موجود موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو بھی ٹکر ماری ، ٹکرلگنے سے موٹر سائیکل سوار افراد نیچے گر گئے خاتون تیزی سے گاڑی چلاتے ہوئے فرار ہو گئی۔

فرار ہونے کے بعد خاتون نے اسی روڈ پر آگے جا کر موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو ٹکر ماری ، خاتون پہلے واقعہ کی وجہ سے وہاں سے فرار ہوتے ہوئے تیز گاڑی چلا رہی تھی، تفتیشی زرائع کے مطابق مبینہ طور پر اسی تیز رفتاری کی وجہ سے دوسرا حادثہ ہوا۔

واقعہ کا مقدمہ تھانہ بہادر آباد میں متوفی کے بھائی اور متوفیہ لڑکی کے چچا کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔