کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں گھر کے اندر فائرنگ کرکے باپ کو قتل، بیٹے اور بہو کو شدید زخمی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں علی مردان جاں بحق جبکہ بیٹا اللّٰہ دتہ، پوتا فاروق اور بہو کرن عرف رانی زخمی ہوئی تھی جس کا مقدمہ گلشن معمار پولیس نے قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کیا تھا۔
ترجمان پولیس کے مطابق گلشن معمار پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم جان محمد عرف بابو کو گرفتار کر کے فائرنگ میں استعمال کی جانے والی منی رائفل برآمد کرلی جسے فرانزک معائنے کے لئے لیبارٹری بھیج دیا گیا۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم اور متاثرہ خاندان آپس میں رشتے دار ہیں اور فائرنگ کا واقعہ ذاتی رنجش کی بنا پر پیش آیا تھا، گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لئے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ واقعہ میں ملوث دیگر ملزموں کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔