لاہور: (دنیا نیوز) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 65 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 5 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، میانوالی، بہاولپور، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کارروائیاں کی گئیں، لاہور اور میانوالی سے فتنہ الخوارج کے دو انتہائی خطرناک دہشت گرد اسلحہ اور باروی مواد سمیت گرفتار کیے گئے جبکہ دیگر شہروں سے 3 دہشتگرد گرفتار ہوئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، 4 ہینڈ گرنیڈ، 3 ڈیٹونیٹرز، 18 فٹ لمبی حفاظتی فیوز وائر، گولیاں اور اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی، دہشتگردوں کی شناخت امجد، شیر، زباب، طیب اور باز خان کے نام سے ہوئی۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے ۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا ہے کہ رواں ہفتے میں 980 کومبنگ آپریشنز کے دوران 109 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، کومبنگ آپریشنز میں 32 ہزار 662 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔