کراچی: (دنیا نیوز) ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، اسلحہ اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
سپر ہائی وے ایم نائن موٹر وے کے قریب ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر سب انسپکٹر 50 سالہ شہزاد اور کانسٹیبل 22 سالہ ذاکر کو سر پر پستول کے بٹ مار کر لہولہان کردیا۔
ایس ایچ او ملک سلیم نے بتایا کہ ان کے تھانے میں تعینات سب انسپکٹر اور کانسٹیبل ایک ہی موٹر سائیکل پر تھانے آرہے تھے کہ اس دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 ڈاکوؤں نے انہیں روک لیا اور اسلحہ کے زور پر دونوں سے نقدی، موبائل فونز اور 2 نائن ایم ایم پستول چھین کر فرار ہوگئے۔
دونوں زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے واردات کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔