گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے یونان کشتی حادثہ میں ملوث بدنام زمانہ انسانی سمگلر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت زین علی اور آصف شاہ کے نام سے ہوئی، ملزمان کو حافظ آباد اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ ملزم زین علی یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے، ملزم نے متاثرہ احسن علی سے یورپ بھجوانے کے لئے 45 لاکھ روپے بٹورے، ملزم نے دیگر ملزمان کی ملی بھگت سے متاثرہ کو لیبیا میں سیف ہاوسز میں رکھا۔
حکام کے مطابق ملزمان نے بعد ازاں متاثرہ احسن کو زبردستی کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھجوانے کی کوشش کی، کشتی حادثے میں متاثرہ احسن علی کی موت واقع ہوئی، احسن علی کا تعلق جلال پور جٹاں سے تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم آصف شاہ شہری کو رومانیہ ملازمت کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث ہے، ملزم نے شہری سے مجموعی طور پر 8 لاکھ روپے بٹورے، گرفتار ملزمان متاثرین کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے۔
ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون عبد القادر قمر نے کہا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، کشتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔