کرم میں قیام امن کیلئے کوششیں، بگن میں کرفیو نافذ، دہشتگردوں کیخلاف آپریشن جاری

Published On 21 January,2025 01:12 am

کرم: (دنیا نیوز) قیام امن کیلئے کوششیں جاری رہیں، کرم کے علاقے بگن میں کرفیو نافذ کر دیا گیا، دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری رہا۔

سکیورٹی فورسز نے مورچوں کا کنٹرول سنبھال لیا، بگن اور گرد و نواح کے علاقوں کو خالی کروا لیا گیا، بنکرز مسماری کا عمل مؤخر کردیا، ٹل پاراچنار مین شاہراہ 112 ویں روز بعد بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رہی، پاراچنار سمیت 100 سے زائد دیہات کو سپلائی معطل رہی۔

علاقے میں کاروباری مراکز،پٹرول پمپس اور ہوٹل بند رہے، انٹرنیٹ سروس معطل رہی، بگن کے قریب قافلے پر حملے میں ملوث شر پسندوں کی نشاندہی کر لی گئی۔

واضح رہے پارا چنار میں قافلے پر حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا، انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں، مقدمہ میں 19 افراد کو نامزد کیا گیا، 20 نامعلوم ملزمان بھی شامل ہیں۔

مقدمے کے متن میں بتایا گیا کہ ملزموں نے بھاری ہتھیاروں سے قافلے پر فائرنگ کی، فورسز کے جوان، 2 ڈرائیور شہید جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔