کمسن ملازمہ قتل کیس: مقتولہ کی ماں نے ملزموں سے صلح کر لی

Published On 04 February,2025 05:33 pm

خیرپور: (دنیا نیوز) رانی پور میں پیر کی حویلی میں تشدد سے کمسن ملازمہ فاطمہ قتل کیس کی فورتھ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں سماعت ہوئی۔

مدعی کے وکیل نے کہا کہ مقتولہ کی ماں کیس کی مدعی شبنم نے ملزموں سے صلح کرلی ہے، وکیل نے مقتولہ بچی کی والدہ کی جانب سے تصفیے کا تحریری بیان عدالت میں جمع کرا دیا۔

مقتولہ بچی کی والدہ نے تحریری بیان دیا ہے کہ ملزموں کو ضمانت دے کر مقدمہ ختم کیا جائے، عدالت نے سماعت 17 فروری تک ملتوی کر دی، سماعت کے بعد مقتولہ بچی فاطمہ کی مدعی والدہ میڈیا سے چھپ کر روانہ ہوگئی۔

سماعت کے بعد ملزموں کے وکیل قربان ملانوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدعی نے حلف نامہ عدالت میں جمع کرایا اور اعتراض نہیں کیا کہ کیس ختم کرو یا ضمانت دو۔

انہوں نے کہا کہ 7 فروری کو ضمانت کے حوالے سے سماعت ہے، کیس کی سماعت 17 فروری کو ہے۔

واضح رہے کہ ایک سال قبل پیر اسد شاہ کی حویلی میں کمسن ملازمہ فاطمہ تڑپ تڑپ کر جاں بحق ہو گئی تھی، فاطمہ کی تڑپنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہونے پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا گیا تھا۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سے جنسی زیادتی، تشدد بھی ثابت ہوا تھا، قتل کیس میں نامزد پیر اسد شاہ، حنا شاہ، فیاض شاہ اور کمپاؤنڈ امتیاز جیل میں قید ہیں۔