پولیس کا خفیہ اطلاع پر آپریشن، انتہائی مطلوب خوارج ریحان اللہ ہلاک

Published On 03 February,2025 10:08 pm

پشاور: (دنیا نیوز) لکی مروت پولیس نے میرعالم منجیوالہ کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران کالعدم دہشت گرد تنظیم کا مقامی کمانڈر انتہائی مطلوب خوارج ریحان اللّٰہ المعروف منتظر اشناء ہلاک ہو گیا۔

ہلاک دہشت گرد لیفٹیننٹ عارف اللہ خان کو مسجد کے اندر شہید کرنے سمیت پولیس پر حملوں میں ملوث تھا۔

ڈی پی او لکی مروت محمد جواد اسحاق کے مطابق ہلاک ملزم بھتہ خوری، اغواء، ٹارگٹ کلنگ سمیت سنگین مقدمات میں پولیس اور سی ٹی ڈی کو مطلوب تھا

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی، ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے کلاشنکوف ، میگزین اور ہینڈگرنیڈ بھی برآمد ہوا۔

آئی جی پی ذوالفقارحمید نے لکی مروت پولیس کی کارروائی پر نقد انعامات کا اعلان کیا اور کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔