گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے )گوجرانوالہ زون نے ویزا فراڈ میں ملوث 2 انسانی سمگلرز کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزمان کی شناخت سید مہدی رضا اور امانت کے نام سے ہوئی، گرفتار ملزمان سادہ لوح شہریوں سے ویزا فراڈ کرنے میں ملوث پائے گئے، ملزمان کو چھاپہ مار کارروائی میں گوجرانوالہ اور ننکانہ صاحب سے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم مہدی رضا نے شہری کو کینیڈا میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 14 لاکھ روپے بٹورے ، ملزم کے خلاف سال 2022 سے کمپوزٹ سرکل گوجرانوالہ میں مقدمہ درج تھا۔
حکام کے مطابق ملزم امانت نے شہری کو اٹلی بھجوانے کے لیے 46 لاکھ 89 ہزار روپے بٹورے، ملزم نے شہری کو اٹلی کے بجائے لیبیا بھجوایا اور رابطہ منقطع کر دیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے، ملزمان بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔