گوجرانوالہ: انسانی سمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 ملزمان گرفتار

Published On 25 February,2025 11:30 am

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے انسانی سمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد رمضان اور محمد یوسف کے نام سے ہوئی ، ملزمان شہریوں کو ملازمتوں کا جھانسہ دے کر ویزا فراڈ کرنے میں ملوث پائے گئے، ملزمان کو چھاپہ مار کارروائیوں میں گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا ۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزم محمد یوسف نے شہری کو ملازمت کی غرض سے سپین بھجوانے کے لیے 28 لاکھ روپے وصول کیے ، اشتہاری ملزم محمد رمضان نے شہری کو ملازمت کی غرض سے کینیڈا بھجوانے کے لیے 4 لاکھ روپے ہتھیائے ۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے ، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔