کراچی :(حمزہ گیلانی) کسٹمز ٹیم نے کورنگی میں کارروائی کے دوران گودام پر چھاپہ مار کر انڈین ساختہ ممنوعہ ادویات برآمد اور ملازمین گرفتار کر لیے۔
شہر قائد کے کسٹم ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معین الدین احمد کا کہنا تھا کہ 21 فروری کو ملنے والی خفیہ اطلاعات پر کورنگی میں ایک گودام پر چھاپہ مار کر انڈین ساختہ ٹرمیڈول ادویات کی سمگلنگ ناکام بنا کر تمام سامان ضبط کرلیا۔
انہوں نے کہا کہ ممنوعہ دوائی کے 22 ملین ٹیبلٹس اور 7 ہزار کیپسول ضبط کیے گئے ہیں،اوپن مارکیٹ میں ان نشہ آور ادویات کی مالیت تقریبا 5 سے 10 ارب روپے بنتی ہے۔
کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کا کہنا تھا کہ ٹرمیڈول ادویات کو ڈرگ اتھارٹی سے ٹیسٹ بھی کروایا گیا، ان دوائیوں میں افیم کاعنصر شامل ہے، سمگلنگ کن راستوں سے ہوئی اور کیسے ہوئی اس کے متعلق تحقیقات کی جارہی ہے۔
معین الدین احمد نے مزید بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ممنوعہ دھندے کے تانے بانے دو غیر معروف دواساز کمپنیوں سے مل رہے ہیں، ادویات کو افریقی اور مقامی مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا تھا اور گرفتار نیٹ ورک مہینوں سے غیر قانونی کاروبار میں مصروف تھا۔