کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں محنت کش کے بھائی کو اغوا کرکے 6 کروڑ تاوان طلب کر لیا گیا۔
منگھو پیر سے نامعلوم اغوا کاروں نے محنت کش کے چھوٹے بھائی کو اغوا کیا، پولیس نے رشید اللہ کی مدعیت میں اس کے چھوٹے بھائی کو اغوا کر کے تاوان طلب کرنے کا مقدمہ درج کرلیا۔
رشید اللہ نے مقدمے میں بتایا کہ میرا چھوٹا بھائی 17 سالہ عابد اللہ نویں جماعت کا طالب علم ہے اور وہ عشاء کی نماز پڑھنے کے لیے نکلا جس کے بعد رات 10 بجکر 47 منٹ پر میرے چھوٹے بھائی عابد اللہ کے فون سے میرے فون پر کال آئی مگر دوسری طرف کوئی اور شخص تھا۔
انہوں نے فون پر کہا آپ کا بھائی ہمارے پاس ہے اور 6 کروڑ روپے ہمیں دو تو بھائی کو چھوڑ دیں گے، پیسوں کا بندوبست 2 سے 3 دن میں کرو اور اپنی بتائی ہوئی جگہ پر آپ کو بلوائیں گے۔
درخواست گزار نے کہا کہ دھمکی دی گئی کہ پیسے نہ دینے پر اگر پولیس کے پاس گئے یا پولیس کو اطلاع ملی تو بھائی کو قتل کردیں گے۔
منگھوپیر پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لئے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس کے حوالے کر دیا، وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ اور ایس ایس پی اے وی سی سی دونوں سے علیحدہ علیحدہ تفصیلات طلب کرلیں اور مغوی کی بازیابی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔