کراچی:(شہباز خان)رمضان المبارک کے ابتدائی 5 روز کے دوران فائرنگ کے واقعات میں 5 شہری قتل کردیئے گئے، فائرنگ کے 4 واقعات ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آئے۔
پولیس کے مطابق آج سحری کے وقت نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا ، مقتول کی شناخت مرزا ساجد بیگ کے نام سے ہوئی، واقعہ ذاتی دشمنی ہے یا ڈکیتی مزاحمت پولیس تاحال کسی نتیجے پر پہنچ نہیں سکی۔
پانچ مارچ کی رات سہراب گوٹھ پنجاب بس اڈہ کے قریب نئی موٹر سائیکل چھیننے کے دوران ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے 18 سالہ عاشر احمد عرف وسیم کو قتل کردیا، پانچ مارچ کی ہی شام کو قائد آباد مرغی خانہ کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے بابر خان نامی شہری جاں بحق ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ایک اور شہری کو ڈکیتی مزاحمت پر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا
دو مارچ کو سچل غازی گوٹھ میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے دکاندار خان محمد کو قتل کردیا جبکہ چار مارچ کو قائد آباد پل کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فیکٹری منیجر عمران قتل ہوا۔
دوسری جانب رواں سال مجموعی طور پر 19 شہری ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہوئے جن میں جنوری میں 5،فروری میں 10 اور مارچ میں 4 افراد کو دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا۔