بیجنگ انڈر پاس پر نجی گارڈز کی شہری پر فائرنگ، ویڈیو وائرل

Published On 13 March,2025 09:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں ڈالہ کلچر ختم نہ ہو سکا، شہری پر تشدد اور فائرنگ کا ایک اور واقعہ رونما ہو گیا۔

بیجنگ انڈر پاس پر پرائیویٹ گارڈ کی جانب سے شہری پر فائرنگ واقعہ کی موبائل فوٹیج سامنے آگئی، گاڑی کی ٹکر کے بعد پرائیویٹ گارڈ نے شہری پر سیدھا فائرنگ کر دی۔

ایس پی سول لائنز عبدالحنان کے مطابق پرائیویٹ گارڈ شہری کو پکڑ کر مارتے رہے، پولیس جب موقع پر پہنچی تو سکیورٹی گارڈ گاڑی اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

عبدالحنان نے کہا کہ ملزمان کی ابھی شناخت نہیں ہوئی کہ سکیورٹی گارڈ کس کے تھے، کس کے ساتھ آئے، جلد ان کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا، ایک گاڑی اور اسلحہ پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔

ڈالہ میں بیٹھے نقاب پوش گن مینوں کے شہری پر تشدد اور فائرنگ سے علاقے سے خوف و ہراس پھیل گیا، لڑائی جھگڑے سے ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔