بیجنگ انڈر پاس میں شہری پر تشدد، محکمہ داخلہ پنجاب کی سکیورٹی کمپنی کیخلاف کارروائی شروع

Published On 14 March,2025 07:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بیجنگ انڈر پاس میں نجی سکیورٹی کمپنی کے گارڈ کی شہری پر براہ راست فائرنگ کا واقعہ، محکمہ داخلہ پنجاب نے نجی سکیورٹی کمپنی کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا۔

نجی سکیورٹی اینڈ مینجمنٹ سروسز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا، نجی سکیورٹی کمپنی کے دفاتر عارضی طور پر سیل کر دیئے گئے۔

سکیورٹی کمپنی پر "پرائیویٹ سکیورٹی کمپنیز (ریگولیشن اینڈ کنٹرول) (ترمیم) ایکٹ، 2004" ضابطے کی پابندی لازم تھی۔

ضابطے کے مطابق سکیورٹی کمپنی کسی ایسے شخص کو گارڈ نہیں رکھ سکتی جو ذہنی یا جسمانی طور پر موزوں نہ ہو، سکیورٹی کمپنی 30 یوم میں شوکاز نوٹس کا تحریری جواب جمع کروانے کی پابند ہے۔

غیر تسلی بخش جواب پر سکیورٹی کمپنی کا لائسنس منسوخ ہوگا، سکیورٹی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو سوموار کو پرسنل ہیئرنگ کیلئے بھی بلا لیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بیجنگ انڈر پاس پر پرائیویٹ گارڈ کی جانب سے شہری پر فائرنگ کی گئی تھی، ڈالہ میں بیٹھے نقاب پوش گن مینوں کے شہری پر تشدد اور فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

لڑائی جھگڑے کے باعث کینال روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔