لاہور: بیجنگ انڈر پاس پر نجی گارڈز کی جانب سے شہری پر تشدد کا مقدمہ درج

Published On 14 March,2025 10:35 am

لاہور: (دنیا نیوز) گزشتہ روز لاہور کے بیجنگ انڈر پاس پر نجی گارڈز کیجانب سے شہری پر فائرنگ اور تشدد کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ متاثرہ شہری محمد عمران کی مدعیت میں تھانہ مغلپورہ میں درج کیا ہے۔

مدعی مقدمہ نے مؤقف اپنایا کہ بیجنگ انڈر پاس پر 5 سے 6 نا معلوم ملزمان کی جانب سے مجھے روکا گیا ، ملزمان نے میری گاڑی پر فائر کیا جس سے گاڑی کا ریڈی ایٹر پھٹ گیا ، تشدد کا نشانہ بنایا ملزمان بعد میں گاڑی اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: بیجنگ انڈر پاس پر نجی گارڈز کی شہری پر فائرنگ، ویڈیو وائرل

خیال رہے کہ گزشتہ روز بیجنگ انڈر پاس پر پرائیویٹ گارڈ کی جانب سے شہری پر فائرنگ کی گئی تھی، ڈالہ میں بیٹھے نقاب پوش گن مینوں کے شہری پر تشدد اور فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

لڑائی جھگڑے کے باعث کینال روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔