بیجنگ انڈر پاس پر فائرنگ، ڈی آئی جی کا انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم

Published On 13 March,2025 10:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) دھرم پورہ بیجنگ انڈر پاس پر فائرنگ اور لڑائی جھگڑے کا معاملہ، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کی مدعیت میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سپیشل ٹیم تشکیل دے دی، ڈی آئی جی آپریشنز کا واقعہ میں ملوث گارڈز کی سکیورٹی کمپنی کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دے دیا۔

ڈولفن ٹیم کے فوری رسپانس پر ملزمان رش کا فائدہ اٹھا کر موقع سے فرار ہو گئے، ملزمان کے زیر استعمال گاڑی اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا، گاڑی کے مالک کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لا کر سخت کاروائی کی جائے گی، ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے سیف سٹی کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے۔

فیصل کامران نے کہا کہ نقص امن کا باعث کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں، واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔