کراچی : (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ٹیپوسلطان میں ہوٹل کے کمرے سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس اور کرائم سین یونٹ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس کے مطابق کرائم سین یونٹ کی ٹیم نے ہوٹل کے کمرے اور اطراف سے شواہد اکٹھے کئے ، مقتولہ کی شناخت ارم کے نام سے ہوئی ہے جو چنیسر گوٹھ کی رہائشی تھی۔
حکام نے بتایا کہ مقتولہ خاتون گزشتہ شام کوایک شخص کے ہمراہ نجی ہوٹل آئی تھی، مذکورہ شخص خاتون کا سابق شوہر تھا ، سابق شوہر نے ہی خاتون کو تیز دھار آلے سے قتل کیا ہے، ملزم کی گرفتاری کے لئے صدر، سٹی کالونی، برنس روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ پر چھاپے مارے گئے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مفرور ملزم قصاب ہے اور اس کی برنس روڈ پر گوشت کی دکان ہے،پولیس نے ہوٹل میں لگے کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرلی ہیں جبکہ ہوٹل سٹاف کے بیانات بھی قلمبند کئے گئے ہیں ۔