ایف آئی اے نے ویزا فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان پکڑ لئے

Published On 20 March,2025 11:04 am

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) گوجرانوالہ نے ویزا فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کر لئے۔

حکام کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو کھاریاں اور گوجرانوالہ سے گرفتار کیا، گرفتار ملزمان کی شناخت ساجد محمود، محمد افضل اور وسکین احمد کے نام سے ہوئی۔

ملزم ساجد نے شہری کو اٹلی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کیلئے 8 لاکھ 60 ہزار روپے ہتھیائے جبکہ ملزم محمد افضل اور وسکین احمد نے شہریوں کو ملائیشیا ملازمت کی غرض سے بھجوانے کیلئے 55 لاکھ روپے وصول کئے، ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔