کراچی: اورنگی ٹاؤن میں عوام کے تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک، ایک زخمی

Published On 31 March,2025 09:45 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں عوام کے تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹاؤن گلشن بہار اللہ وارث چوک کے قریب عیدالفطر کی چاند رات کو دو ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گئے۔

عوام نے دونوں ڈاکوؤں کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کیا تاہم اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں ڈاکوؤں کو بمشکل عوام کے چنگل سے نکال کر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا۔

جہاں ایک ڈاکو دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ زخمی ہونے والے دوسرے ڈاکو کو عباسی شہید ہسپتال سے ابتدائی طبی امداد کے بعد جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق عوام کے بہیمانہ تشدد سے دونوں ڈاکوؤں کی حالت غیر ہوگئی تھی جس میں سے ایک 22 سالہ ڈاکو دوران علاج چل بسا جبکہ دوسرے 25 سالہ ڈاکو کی حالت بھی انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ہلاک و زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی، ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش پولیس نے کارروائی کے بعد سردخانے منتقل کر دی۔