لاہور: (دنیا نیوز) تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ زمان پارک میں اوورسیز خاتون کے ساتھ ڈکیتی کی واردات ہو گئی۔
ڈاکوؤں نے واردات کے دوران خاتون کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا، تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقے سے وقاص اپنی بیوی کے ہمراہ گھر سے نکلے کہ موٹر سائیکل سوار دو ڈاکو قریب پہنچ گئے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون چیخ و پکار کرنے لگی تو ڈاکو نے خاتون کا پیچھا کرتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا، طلائی چین چھیننے کے بعد خاتون پر سیدھی فائرنگ کرتے ہوئے ڈاکو فرار ہو گئے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے فیکٹری ایریا میں اوورسیز پاکستانی خاتون سے واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔
ترجمان پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ملزمان کو ٹریس کرنے کیلئے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، ایک ٹیم ریکی پوائنٹ سے واردات روٹ پر سیف سٹی کیمروں سے کھوج کرے گی۔
دوسری ٹیم ملزمان کے روٹ پر نجی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے سراغ لگائے گی، پولیس کو ساڑھے تین بجے کے قریب واردات کی کال موصول ہوئی، ون فائیو کال پر متعلقہ پولیس فوری موقع پر پہنچی، پولیس نے واردات کا مقدمہ نمبر 2395/25 درج کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ملزمان کو پکڑنے کے لیے سیف سٹی سمیت تمام ذرائع بروئے کار لا رہے ہیں، ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔